برطانوی لیبر پارٹی کی سابق ممبر پارلیمان زارا سلطانہ کا جیرمی کوربن کے ساتھ نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

54
Zara Sultana
Zara Sultana

لندن ۔5جولائی (اے پی پی):لندن میں لیبر پارٹی کی سابق رکن پارلیمان زارا سلطانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ لیبر پارٹی کے سابق رہنما جیرمی کوربن کے ساتھ مل کر ایک نئی سیاسی جماعت بنانے جا رہی ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق زرا سلطانہ نے برطانوی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں ’نسل کشی میں فعال طور پر شریک‘ ہے۔زارا سلطانہ نے یہ اعلان جمعرات کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ایک دن بعد اس وقت کیا جب جیرمی کوربن نے آئی ٹی وی کے سیاسی پروگرام ’پیسٹن‘ میں کہا کہ برطانوی سیاست میں ایک متبادل کی اشد ضرورت ہے۔

اپنے پیغام میں زارا سلطانہ نے دعویٰ کیا کہ ویسٹ منسٹر کا سیاسی نظام تباہ حال ہے اور ان کی نئی تحریک برطانیہ اور دنیا بھر میں سماجی انصاف پر توجہ دے گی۔انہوں نے لکھا ’لیبر پارٹی لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اور پورے سیاسی نظام میں، (ریفارم پارٹی کے رہنما نائیجل) فراج سے لے کر (وزیراعظم) سٹارمر تک، وہ غزہ میں نسل کشی روکنے کی کوشش کرنے والے باضمیر افراد کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔لیکن حقیقت واضح ہے کہ یہ حکومت نسل کشی میں فعال طور پر شریک ہے۔

اور برطانوی عوام اس کی مخالفت کرتے ہیں۔زارا سلطانہ نے مزید کہا کہ اگلے عام انتخابات میں ووٹرز کے سامنے انتخاب ہوگا ’سوشلسٹ نظام یا بربریت ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ’جیرمی کوربن اور میں دیگر آزاد ارکان پارلیمنٹ، کارکنوں اور ملک بھر کے سرگرم افراد کے ساتھ مل کر ایک نئی پارٹی کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔

واضح رہے جیرمی کوربن نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ اس نئی جماعت کا حصہ ہوں گے یا نہیں، تاہم ٹی وی پروگرام میں انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ جولائی 2024 میں غزہ میں جنگ کی مخالفت کے منشور پر منتخب ہونے والے چار آزاد ارکان پارلیمان ، شوکت آدم، ایوب خان، عدنان حسین، اور اقبال محمد، سے ایک نئی امن پر مبنی جماعت بنانے پر بات چیت کر چکے ہیں۔