برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج جمعرات سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں

95
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج جمعرات سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کیساتھ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔اس کے علاوہ برطانوی وزیر خارجہ قیادت کی سطح پر بھی ملاقات کرینگے۔

برطانوی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین اعلی سطح پر تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا اور مختلف معاملات پر دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔پاکستان اور برطانیہ افغانستان میں صورتحال کے حوالے سے قریبی رابطوں میں ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اور انکے برطانوی ہم منصب بورس جانسن 18اگست کو ٹیلی فون پر اس سلسلے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کر چکے ہیں جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انکے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کے مابین رواں ماہ دو بار افغانستان میں صورتحال کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔