لندن ۔4مارچ (اے پی پی):برطانیہ اور فرانس یوکرین میں جنگ بندی کی تجویز پر پہنچنے میں ناکام ہوگئے ۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے ایک برطانوی وزیر کے حوالے سے بتایا کہ لندن اور پیرس یوکرین میں ایک ماہ طویل جنگ بندی کی تجویز پر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسلح افواج کے وزیر مملکت لیوک پولارڈ نے روز کہا کہ فرانس اور برطانیہ نے یوکرین میں جزوی جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق نہیں کیا تھا۔ اس تجویز کے بارے میں اتوار کو فرانسیسی صدر میکرون نے بات کی تھی۔
وزیر نے ٹائمز ریڈیو کو بتایا کہ جنگ بندی کی صورت میں کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ برطانوی حکومت کے ایک اہلکار نے بھی اے ایف پی کو بتایا کہ ایک ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق نہیں ہوا ہے۔ اس سے پہلے فرانسیسی صدر میکرون اور برطانوی وزیر اعظم سٹارمر نے کہا تھا کہ انہوں نے یوکرین میں ایک ماہ طویل جنگ بندی کی تجویز دی تھی۔فرانسیسی صدر نے لی فگارو کی طرف سے رپورٹ کردہ بیانات میں وضاحت کی کہ جنگ بندی میں فضائی اور سمندری حملوں کو روکنا، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا اور پھر جنگ کو روکنے کے لیے مذاکرات میں شامل ہونا شامل ہے۔
یوکرین کے اتحادی ممالک کے سربراہان نے لندن میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کیا جس میں کیف کے لیے اپنی حمایت اور یورپ میں سلامتی کے لیے مزید کام کرنے اور دفاعی اخراجات میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان گرما گرمی ہوئی اور واشنگٹن نے یوکرینی صدر پر دباؤ بڑھایا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568415