برمنکھم اور مانچسٹر ہوائی اڈوں پر رش کے باعث پی آئی اے کی منسوخ شدہ پروازپیر کو روانہ ہو گی، ترجمان پی آئی اے

79

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کی 75 سالہ تقریبات کے سلسلہ میں برطانوی ائیرپورٹس پر رش کے باعث پی آئی اے سمیت مختلف ائر لائنز کی برمنگھم کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، پی آئی اے کی منسوخ شدہ پرواز پیر کو روانہ ہو گی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے رات گئے جاری بیان کے مطابق رش کے باعث برمنگھم اور مانچسٹر ایئر پورٹ پر مسافروں کی کئی سو میٹر لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے مانچسٹر اور برمنگھم ائیر پورٹس پر فلائیٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ائیرپورٹ پر رش کے باعث مختلف ائر لائنز بشمول پی آئی اے کی برمنگھم کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ پی آئی اے کی ہفتہ کو اسلام آباد سے برمنگھم جانے والی پرواز ائیرپورٹ کے حالات کے باعث منسوخ کر دی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی کے 795 اب سوموار کے روز اسلام آباد سے برمنگھم جائے گی۔پی آئی اے نے مسافروں کی بکنگ کو سوموار پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے،

پی آئی اے کے کال سینٹر سے مسافروں کے دستیاب نمبرز پر اطلاع دینے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔