بروقت کورونا ویکسین آ نے کی صورت میں ریگولر حج ہوگا بصورت دیگر حاجیوں کی تعداد میں کمی سمیت ایس او پیز کے ساتھ حج کا امکان ہے ،وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری

69
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اماراتی سفیر کے ہمراہ قائد اعظم یونیورسٹی میں مسجد کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ بروقت کورونا ویکسین آنے کی صورت میں ریگولر حج ہوگا بصورت دیگر حاجیوں کی تعداد میں کمی سمیت ایس او پیز کے ساتھ حج کا امکان ہے ۔بدھ کو اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے آزمائشی بنیاد پر کورونا ایس او پیز کے ساتھ عمرہ کا آغاز کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک حج پالیسی پر کام شروع نہیں کیا کیونکہ ابھی تک سعودی وزارتِ حج کے ساتھ ہمارا ایم او یو طے نہیں پا سکا ۔ عام طور پر یہ کام نومبر کے آخر تک مکمل ہو جاتا ہے ۔ گذشتہ سال بھی ہم نے نومبر میں کام مکمل کر لیا تھا مگر اس کے بعد کورونا وائرس کی وبا آگئی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کورونا ویکسین کا انتظار کر رہی ہے اگر بروقت کورونا ویکسین آجاتی ہے اور یہ کامیاب بھی ہو جاتی ہے تو ریگولر حج ہوگا ورنہ حاجیوں کی تعداد میں کمی بھی کی جا سکتی ہے اور ایس او پیز کے ساتھ حج کا امکان ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرح ہم لوگوں سے درخواستیں نہیں لے سکتے ۔ جب بھی کوئی حتمی صورتحال سامنے آئی تو اس وقت ہی کوئی پیش رفت ہو سکتی ہے ۔