بریسٹ کینسر، نفسیاتی مسائل اور معذوری سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، بیگم ثمینہ عارف علوی

کوئٹہ۔30مئی (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر، نفسیاتی مسائل اور معذوری سے نمٹنے کی ذمہ داری صرف حکومت وقت کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اسکے تدارک کےلیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا معذور افراد کی فلاح وبہبود اور بریسٹ کینسر کی روک تھام سے متعلق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کردار قابل ستائش ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تعاون سے چھاتی کے کینسر، نفسیاتی صحت اور معذوری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں ڈاکٹر مریم ملک ٹیکنیکل ایڈوائزر برائے ڈس ایبیلیٹیز، ریہیبیلی ٹیشن روڈ سیفٹی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی میزبان تنظیم کی جانب سے موضوع کی مناسبت سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی فراہم کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک بھر خصوصاََ بلوچستان میں بریسٹ کینسر اور معذوری سے متعلق آگاہی کے حوالے سے ٹھوس اور قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں معاشرے کے تمام طبقات کو آگاہی کے لئے آگے بڑھ کر اس موذی مرض کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو خود تشخیصی سے متعلق رہنما ہدایات کے مطابق اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ایک مخصوص عمر کے بعد اپنے طبی معائنہ کے معمول کو اپنانا ہوگا

سیمینار سے ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ڈائریکٹر وویمن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈیس ایبلیٹیس اینڈ ریہیبلیٹیشن، ڈبلیو ایچ او بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر اسفند یار شیرانی نے بھی خیالات کا اظہار کیاسیمینار کے اختتام پر موضوع کے حوالے سے سوال جواب کے سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا