بشیر میمن نے بہتان تراشی و دروغ گوئی کی ،پیپلز پارٹی نے سندھ میں لوٹ مار کی ہوئی ہے ،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کاپریس کانفرنس سے خطاب

98

حیدرآباد۔2مئی (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بشیر میمن نے بہتان تراشی و دروغ گوئی کی ہے ،انہوں نے خود کہا کہ میں زرداری اور فریال تالپور تو کیا بلاول کو بھی گرفتار کرسکتاہوں ، انتخابی اصلاحات کرنے جارہے ہیں جدید مشنری کا استعمال اور اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا ، الیکشن کمیشن کو بھی مالی طور بااختیار بنایا جارہا ہے ،وہی سیاسی جماعت کہلائے گی جو 10ہزار رجسٹرڈ ووٹ رکھتی ہو ، پیپلز پارٹی نے سندھ میں لوٹ مار کی ہوئی ہے ، کتوں کے نام پر مہنگی گاڑیاں خریدی گئی ہیں ، این اے 249کا نتیجہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے یہاں ڈسکہ کی طرح نیا انتخاب ہونا چاہیئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا

اس موقع پرعمران قریشی ، ڈاکٹر مستنصر باللہ ، علی محمد ہنگورواور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہاکہ 2018ءکے انتخابات کے بعد یکم ستمبر کو اسلام آباد میں بشیر میمن مجھ سے ملاقات کرنے آئے اور دوران گفتگو کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے اہم پوسٹ ہے میں سندھ کا بیٹا ہوں میرٹ پر ہوں آپ کا تعاون چاہیئے انہوں نے کہاکہ ایک مخصوص لابی نے ایک مخصوص چینل کے زریعے بشیر میمن کی جھوٹی کہانی بیان کرائی ہے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر بہتان تراشی کی ہے لیکن یہ بیک فائر ہو اہے۔انہوں نے فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کے حوالہ سے بھی دروغ گوئی سے کام لیا ہے انہوں نے کہاکہ بشیر میمن نے دعویٰ سے کہاکہ آصف زرداری اور فریال تالپور تو کیا میں توبلاول بھٹو کو بھی اندر کرسکتا ہوں انہوں نے کہاکہ بشیر میمن کی قاسم آباد حیدرآباد ، ہالا ، سانگھڑ وغیرہ میں جو جائیداد ہے اس کی تحقیقات ہونا چاہیئے انہوں نے کہاکہ این اے249 کراچی کا ضمنی انتخاب چوری کیا گیا ہے یہ پیپلز پارٹی نے کارکردگی نہیں کاروائی سے جیتا ہے دھاندلی کی پیدا وار مسلم لیگ(ن) بھی اس پر سیاست کررہی ہے

تاہم اس میں بھی ڈسکہ کی طرح دوبار ہ انتخاب ہونا چاہیئے انہوں نے کہاکہ اس نشست کا نتیجہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ضرور ہے تاہم اسے پورے کراچی کے منظرنامہ پر منطبق نہیں کیا جاسکتا یہ وہ نشست تھی جو ہم نے6 سوووٹوں کی برتری سے جیتی تھی انہوں نے کہاکہ انتخابی نظام میں اصلاحات کی جارہی ہیں الیکشن کمیشن کو زیادہ بااختیار بنانے کے لیے انہیں مالی اختیارات دیئے جارہے ہیں ، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے دھاندلی دروازے بند ہو جائیں گے ،اورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ ڈی لیمیٹیشن بھی کی جارہی ہے اور جس سیاسی جماعت کے پاس 10ہزار رجسٹرڈ ووٹ ہونگے وہی انتخابی میدان میں آسکے گی انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے پولیس ان کے ماتحت ہے جو جرائم اور منشیات کی سرپرست بنی ہو ئی ہے مین پوری والوں سے لاکھوں روپیہ بھتہ لیا جارہا ہے دوسری طرف ملک ریاض کو سندھ میں زمینیں دی جارہی ہے ہم نے بحریہ ٹائون کے مسئلہ پر سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی ہے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے کتے تو نہیں مارے لیکن کتوں کی نس بندی کرنے کے لیے 92کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور 24کروڑ روپے کی کتا پکڑنے کی گاڑیاں خریدی جارہی ہیں اسی طرح ٹڈی دل کے نام سے40کروڑ روپے سے زائد کی گاڑیاں خریدی گئیں جو افسران کے گھروں میں استعمال ہورہی ہیں کتا گاڑیاں بھی سبزی و گوشت لانے میں استعمال ہو نگی جبکہ کتوں کے نام پر خریدے جانے والے گلاب جامن اور گوشت کی رقم کھا لی گئی ہے انہوں نے کہاکہ پی پی سندھ میں دکھاوے کے کام کرتی ہے

انہوں نے مزدور کارڈ جاری کیا ہے جبکہ ہم نے صحت کارڈ پر کسی کی تصویر نہیں دی تھی انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان سندھ کے معاملات سے پوری طرح واقف ہیں اور ہم کراچی پر بھی توجہ دے رہے ہیں گرین لائن منصوبہ مکمل ہو نے جارہا ہے ایم ایل ون اور کے فور پر کام جارہی ہے انہوں نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ پر صوبوں کو ان کا حصہ ملا ہے لیکن سندھ نے لیپس کردیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام بے شک وفاق کا ہے لیکن ہر ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس کی تقسیم میں نظم وضبط قائم کرے ۔