بفیلو فائرنگ کی وجہ سفید فام نسل کی بالادستی کی سوچ کا زہرہے، امریکی صدر

54
بفیلو فائرنگ کی وجہ سفید فام نسل کی بالادستی کی سوچ کا زہرہے، امریکی صدر

واشنگٹن۔18مئی (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست نیویاک کے شہر بفیلو میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سفید فام نسل کی بالادستی کی سوچ کو زہر قرار دیا۔

جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے گزشتہ روز بفیلو کے دورے کے دوران متاثرین اور مقامی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بفیلو میں فائرنگ کا جو واقعہ پیش آیا وہ واضح طور پر دہشت گردی ہے بلکہ مقامی دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فائرنگ کی وجہ سفید فام نسل کی بالادستی کی سوچ کا ’’زہر‘‘ہے اور اس زہر کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سے اس چیز کو ختم کرنا ہو گا جہاں سیاہ فاموں کو نسل پرستی کی بنیاد پر قتل کر دیا جائے اور ہمیں ملک میں طاقت اور سیاسی مقاصد اور مفاد کے لیے جھوٹ کو پھیلنے سے روکنا ہو گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے دہشت گردانہ حملوں کے لیے اس میڈیا اور ان سیاستدانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جو انتہا پسند نظریات پھیلانے کا کام کرتے ہیں۔امریکی صدر نے ان لوگوں کی بھی مذمت کی جواقتدار کے حصول اور اپنے سیاسی فائدے اور منافع کے لیے جھوٹ پھیلانے کا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا، سیاست اور انٹرنیٹ نے ایک نفرت کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس نے ناراض، الگ تھلگ پڑنے والے اور گمراہ لوگوں کو اس جھوٹی بات پر یقین کرنے پر مجبور کر دیا ہے کہ وہ دوسروں کی جگہ حاصل کر لیں گے۔ یہی لفظ ہے، دوسرے کی جگہ لے لینا۔

جو بائیڈن نے کہا کہ وہ ’’امریکی قوم کی روح‘‘ کو بحال کرنے کے لیے صدارتی انتخاب کی دوڑ میں اس لیے شامل ہوئے تھے کیونکہ ان کے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ نے ورجینیا میں سفید فام بالادستی کے لیے ہونے والی ایک ہولناک ریلی کی واضح طور پر مذمت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔