بلال اظہر کیانی کی جمعیت علماء اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت

150

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نےجمعیت علماء اسلام (ف) کے باجوڑ، خار میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ باجوڑ، خار میں جمعیت علمائے اسلام(ف) کے ورکرز کنونشن میں خودکش حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جس میں بڑی تعداد میں بے گناہ شہید اور زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور افسوس کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئےدعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نجات سے ہی پاکستان کو امن ملے گا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے دکھ میں شریک ہیں۔