بلاول بھٹو زرداری کا کرم میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

69
Bilawal Bhutto Zardari
Bilawal Bhutto Zardari

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ایک طرف ضلع کرم بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے تو دوسری طرف خیبرپختونخوا حکومت جائے وقوعہ سے غائب ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بحران کے دوران کے پی کے حکومت کی خاموشی دہشت گردوں کا اتحادی ہونے کے مترادف ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن پی ٹی آئی کی زیر قیادت صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہی ہے، ہم کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا دل متاثرین کے لیے خون کے آنسو بہا رہا ہے اور ہم خیبر پختونخوا کو لاقانونیت کے شعلوں میں جلتا دیکھ کر چپ نہیں رہ سکتے، پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف کرم بلکہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ضلع کرم کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔