کراچی۔ 03 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائل، ابدالی، کے کامیاب تجربے پر مذکورہ پروجیکٹ سے منسلک انجینئرز اور سائنسدانوں کو خراج تحسین اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اس کامیاب تجربے کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیااور کہا کہ ہم اپنے وطن کے بہادر محافظوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک مضبوط اور محفوظ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے جوہری پروگرام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے میزائیل ٹیکنالاجی کے تحفے ہماری ناقابلِ تسخیر قومی سلامتی کی اساس ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن امن کسی صورت اپنی خودمختاری اور وقار کی قیمت پر نہیں خریدا جا سکتا۔