بلاول جہاں جاتے ہیں شہر کیوں بند کرا دیتے ہیں، اگر عوامی مارچ ہے تو عوام کو اس سے کیوں دور رکھا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی کی سکرنڈ میں میڈیا سے گفتگو

109

سکرنڈ۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین ووزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول زرداری ووٹوں کے فارمو لے سے وزیراعظم نہیں بن سکتے کیونکہ پنجاب میں ان کی مقبولیت صرف 5 فیصد ہے۔

سکرنڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب پرانے نعروں کی کشش باقی نہیں رہی، پیپلزپارٹی اپنے مارچ میں رینٹ اے کار کا مجمع لے کر ساتھ چل رہی ہے، پیپلزپارٹی سندھ سرکار کی بیساکھیوں پر سیاست کر رہی ہے، نام نہاد مارچ میں سند ھ پولیس، ایمبولینس ،سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں، بلاول سے معصومانہ سوال ہے کہ جہاں جاتے ہیں شہر کیوں بند کرا دیتے ہیں، اگر عوامی مارچ ہے تو عوام کو کیوں دور رکھا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ میری جیب میں عدم اعتماد کی تحریک ہے، لیکن گزشتہ روز ان کی عدم اعتماد کی تحریک کی ہوا نکل گئی، چوہدری برادران نے وزیر اعظم کے ساتھ تائید کا اعادہ کیا اور ہمارے باقی اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کا ایم این اے کسی گروپ کا حصہ نہیں، تحریک انصاف میں عمران خان کے علاوہ کوئی گروپ نہیں ہے ۔

اپوزیشن کے پاس نمبر نہیں ہیں،ن لیگی انتخابات چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی والے انتخابات نہیں چاہتے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ روس اور یوکرین کی جنگ میں پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے، یوکرین کے ساتھ تین ممالک کے سرحدی حدود لگتی ہے جن سے ہماری بات ہوئی ہے، اب تک 1 ہزار 132 بچے بارڈر کراس کر چکے ہیں، کل 3 ہزار طلبا و طالبات تھے ان سے بیشتر پہلے نکل آئے تھے جو رہ گئے ان کی دستاویزات تیار نہیں تھیں اس لئے وہ رہ گئے ہیں، ان کے لئے کوشش کر رہے ہیں ، اس معاملے میں غافل نہیں ہیں۔