بلغاریہ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان ٹریڈ اور کلچر سینٹر کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

267

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):بلغاریہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں پاکستان ٹریڈ اور کلچر سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سینٹر کا افتتاح بلغاریہ کے چیمبر آف کامرس اور انڈسٹری کے صدر ٹسوٹان سیمونوف نے کی۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں بلغاریہ میں پاکستان کی سفیر مریم آفتاب اور بلغاریہ کی مشہور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ اور کلچر سینٹر میں پاکستان کی ایکسپورٹ جن میں چمڑے کی اشیاء، سپورٹس و سرجیکل انسٹرومنٹس، ہمالیہ نمک اور پاکستانی دستکاری کے نمونے رکھے گئے ہیں۔

سینٹر میں پاکستان کے تمام صوبوں سے منسلک ثقافتی پنٹنگز بھی رکھی گئیں ہیں۔ بلغاریہ کے چیمبر آف انڈسٹری کے صدر نے سفارتخانہ پاکستان کو اس احسن اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی طرف اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر بلغاریہ کے تاجروں کو پاکستان سے اشیاء کی درآمد پر زور دیا جوکہ اس وقت جی پی ایس پلس کی بدولت ڈیوٹی فری ہیں.

اس موقع پر پاکستان کی سفیر مریم آفتاب نے صدر بلغاریہ چیمبر آف کامرس اور دیگر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اب بھی مواقع کی نسبت کافی کم ہے۔ انہوں نے بلغاریہ کے تاجروں کو پاکستانی مارکیٹ میں دلچسپی لینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ سے ان کو منافع ملے گا۔

انہوں نے پاکستان کے سفارتخانے کی طرف سے بھر پور سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر ٹرید، سیاحت اور کلچر کے حوالے سے ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔