کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد منظور کرلی ۔بدھ کے روز بلوچستان اسمبلی کااجلاس اسپیکرکیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی کی جانب سے مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کی گئی ۔قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ یہ ایوان گزشتہ شب رات کی تاریکی میں بزدل بھارت کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری ، علاقی سالمیت اور فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔بھارت کی جانب سے یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور دوطرفہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مزید براں یہ حملہ خطے کے امن کو سپوتاژ اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
یہ ایوان پاک افواج کو دشمن کی بزدلانہ وحشیانہ، بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کا فوری مکمل اور بھر پورمنہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے نہایت ہی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔ جس کی بدولت دشمن کے کئی قیمتی جنگی طیارے مار گرائے گئے اور لائن آف کنٹرول پر متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں۔یہ ایوان اور بلوچستان کے غیور عوام مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قرارداد میں کہاگیاہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے مگر اپنی خود مختاری، سالمیت اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ایوان شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتا ہے۔
مذکورہ بالا حقائق کومد نظر رکھ کر یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے حالیہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور شہری علاقوں پر بلاوجہ حملے کرنے کے ثبوت فوری طور پر اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عالمی برادری کے سامنے پیش کرے اور بھارت کے خطرناک عزائم اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔صوبائی وزراء ،ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انڈیا نے جو بربریت کا مظاہرہ کیاہے اس کی مذمت کرتے ہیں جب بھی بھارت میں الیکشن ہوتے ہیں بھارت اس طرح کے حملے کرتا ہے بھارت دہشت گرد ملک ہے اور دہشتگردی میں ملوث ہے ، بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیاہے، ہماری فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے
مودی سرکار نے رات کے اندھیرے میں عوام کو نشانہ بنایا وہ قابل مذمت ہے ، بھارت نے ڈرامہ رچاکر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ، پاک فوج نے انڈیا کو منہ توڑ جواب دیاہے پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، بھارت نے جو حملہ کیا وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس بزدلی سے انڈیانے حملہ کیا اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا اسکی مذمت کرتے ہیں پاک فوج کی بہادری کی وجہ سے ہر پاکستانی کا سر بلند ہے، پاک فوج ہر سطح پر انڈیا کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے ، بعدازاں مشترکہ قرارداد کو منظور کرلیاگیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594112