کوئٹہ۔ 26 جون (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ترقی نسواں کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین فضل قادر مندوخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ، اراکینِ اسمبلی میر زابد علی ریکی، راحیلہ حمید خان درانی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، فرح عظیم شاہ، کلثوم نیاز بلوچ، صفیہ بی بی، مینہ مجید بلوچ اور سلمی کاکڑ نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں سائرہ عطا اور سپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن بھی شریک تھے۔
اجلاس کے دوران خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے سے متعلق ترمیمی مسودہ قانون 2025 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اراکینِ کمیٹی نے بل کی مختلف شقوں اور دفعات پر غور کرتے ہوئے اہم نکات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔مجوزہ ترامیم ممبران اسمبلی کی جانب سے بلوچستان میں ایک منصفانہ، مساوات پر مبنی اور خواتین دوست ورک کلچر کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے ،کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر کے بل کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز دی۔