بلوچستان اور ایران کے درمیان مختلف سطح پر وفود کے تبادلے اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، میر سرفراز بگٹی

95
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی پیپلز پارٹی انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام عہدیداران کومبارکباد

کوئٹہ۔ 13 جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلی بلوچستان نے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک رہے ہیں ، دونوں ممالک کے مابین تجارتی ، ثقافتی اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان اور ایران کے درمیان مختلف سطح پر وفود کے تبادلے اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے اور تاجروں کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے ایرانی تاجروں کے لیے سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ۔ ملاقات میں ایرانی سفیر نے تجارتی حجم میں اضافے، تعلیمی اسکالرشپس اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ ایرانی سفیر نے تعلیمی اسکالرشپس کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے طلبہ کے لیے مختلف پروگرامز شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان نے اس پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ اور حکومت بلوچستان کے حکام مل کر اسکالرشپ پروگرام کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو دنیا بھر کی دو سو ممتاز جامعات میں اعلی تعلیم کے لیے اسکالر شپ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے ایرانی سفیر کی دعوت پر ایران کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی وفد کے ہمراہ ایران کا دورہ کریں گے ۔

ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے وزیر اعلی بلوچستان کو سیستان میں بلوچ گورنر کی تقرری سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیک شگون قرار دیا ۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔