بلوچستان بھر میں یوم یک جہتی کشمیر پر ریلیاں ، کشمیریوں کی بھر پور حمایت کا اظہار

302

کوئٹہ۔5فروری (اے پی پی):ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یوم یک جہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر کی مکمل آزادی تک کشمیریوں کی بھرپور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی ،بلوچستان کے تمام شہروں ، قصبوں اوردیہات میں کشمیر ڈے پر تقاریب ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئں جن میں مقررین نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا کوئٹہ ،مستونگ، بارکھان سمیت دیگر تمام علاقوں میں یوم یکجہتی کشمیر پر ریلیاں نکالی گئیں شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

مقررین نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا کشمیر کے ساتھ نہ ختم ہونے والا رشتہ ہے۔انہوں نےکہا کہ بلوچستان بھر کےعوام نے آج یوم یکجہتی کشمیر منا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔مقررین نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی آزادی اور جدوجہد رنگ لے آئے گی اور کشمیر بھارت کے شکنجے سے آزاد ہو گا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی کشمیر پر منظور شدہ قراردادوں پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے ۔ شرکاءنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل میں بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے لاکر اسے دہشتگرد ملک قرار دیا جائے اور مودی پر پابندیاں لگائی جائیں۔