بلوچستان سینٹر فار ایکسی لینس ان رینیوایبل انرجی کا آغاز پائیدار توانائی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،گورنر بلوچستان

85

کوئٹہ۔ 17 فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان سینٹر فار ایکسیلینس ان رینیوایبل انرجی کا آغاز صوبہ میں پائیدار توانائی کے حل کے حصول میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان اور جرمنی کے درمیان یہ قابل ذکر شراکت داری بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی اور پائیدار توانائی کے حل پیش کرنے کیلئے ان کے مشترکہ عزم کو واضح کرتی ہے،بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام واحد ادارہ ہے جس کی رسائی تقریبا صوبہ کے ہر ڈسٹرکٹ تک ہے

لہذا ان کی تمام ٹیم خراج تحسین کے مستحق ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان سینٹر فار ایکسیلینس ان رینیوایبل انرجی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر روبینہ مشتاق، اے جی بلوچستان نصراللہ جان، ایڈیشنل سیکرٹری انرجی صاحبزادہ نجیب اللہ، بی آر ایس پی کے چیئرمین ملک انور سلیم کاسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ نصراللہ خان بڑیچ، علما کرام، اقلیتی نمائندے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان سینٹر فار ایکسی لینس کا قیام ایک شاندار آغاز ہے جو صوبے کی ترقی کو زیادہ پائیدار اور ماحولیات کے حوالے سے روشن مستقبل کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کریگا، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی توسط سے یہ اہم اقدام پیٹریپ فائونڈیشن اور بیوٹمز یونیورسٹی کے درمیان ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے بلوچستان میں ترقی اور پائیدار توانائی کے حل اور ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے۔ توانائی کے بحران پر قابو پانا دراصل ایک محفوظ مستقبل کی طرف سفر کا آغاز ہے، گورنر نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ ہمیشہ صوبہ کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک محرک قوت رہی ہے۔

اس ادارے نے سینکڑوں ترقیاتی منصوبے لائے جنہوں نے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے، انہوں نے یقین دلایا کہ بی آر ایس پی اور پیٹریپ فائونڈیشن کے ہر منصوبہ کے ثمرات سے عوام کو مستفید کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں جائیں گے، جرمنی کا عزم بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی قابل ستائش رہی ہے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو بااختیار بنانا، نئی ملازمتیں پیدا کرنا اور قابل تجدید توانائی کے عمل کو آگے بڑھانا، بیوٹمز یونیورسٹی اور محکمہ توانائی کے ساتھ تعاون لائق تحسین ہے۔ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان مکمل تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ گورنر بلوچستان نے تقریب رونمائی کے آخر میں مہمانان گرامی، ماہرین اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔