32.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںبلوچستان میں 6 نئے دانش سکول قائم کئے جائیں گے، وفاقی وزیر...

بلوچستان میں 6 نئے دانش سکول قائم کئے جائیں گے، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، بلوچستان میں 6 نئے دانش سکول قائم کئے جائیں گے، خواتین کی تعلیم پر سرمایہ کاری سب سے زیادہ منافع بخش ہے۔ وہ بدھ کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ٹین ٹو میں اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کی تزئین و آرائش کے کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس منصوبہ کے تحت 167 سکولوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام دیہی و شہری سکولوں میں تمام جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں خواندگی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں

ان اقدامات کے تحت بلوچستان کے علاقوں سبی، موسیٰ خیل، ژوب، بیکر، ڈیرہ بگٹی اور قلعہ سیف اللہ میں 6 نئے دانش سکول قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے ، بہتر رسائی اور مساوات کیلئے ہماری کوششیں غیر متزلزل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کیلئے تعلیم انتہائی ضروری ہے، وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جس میں تعلیمی اداروں کے ڈھانچے کو بہتر بنانا ، تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اور طلباء و طالبات کی تعلیمی اداروں تک رسائی کو آسان بنانا شامل ہے۔ اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین ایف ٹین ٹو کی تزئین و آرائش کے کام میں جدید ترین آئی ٹی لیبز، لائبریری

- Advertisement -

کشادہ اور صاف ستھرے کلاس رومز، ہال، کلچرل روم، پوڈ کاسٹ روم، واش روم، بجلی، معیاری دروازے و کھڑکیاں اور ڈھانچہ کی شامل ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دنیا میں انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کو سب سے بہترین مانا جاتا ہے اور کوئی بھی سرمایہ کاری ہماری بیٹیوں کی تعلیم سے زیادہ منافع بخش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارہ کو جدید بنانے کا مقصد مستقبل کے ڈاکٹرز، انجینئرز، ماہرین تعلیم ،سائنسدان اور لیڈرز کو اگلی نسل کیلئے پروان چڑھانا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599871

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں