بلوچستان میں آواران کے قریب سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، بھاگتے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں فوجی افسر شہید ،سپاہی زخمی

67
ispr
ispr

راولپنڈی۔22اپریل (اے پی پی):بلوچستان میں آواران کے قریب سکیو رٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا تاہم بھاگتے ہوئے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں فوجی افسر شہید جبکہ سپاہی زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ، آئی ایس پی آر کے مطابق 21/22 اپریل کی رات، دہشت گردوں نے بلوچستان میں آواران کے قریب علاقہ کاہان میں سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔

فورسز نے حملے کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے کے لیے قائم کردہ بلاکنگ پوزیشنوں میں سے ایک پر دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

جھڑپ کے دوران وطن کے ایک بہادر سپوت میجر شاہد بشیر نے شہادت جام شہادت نوش کیا اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔