کوئٹہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان نگران کابینہ نے غزہ میں فلسطینی عوام پر جاری حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیر کو نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کی صدارت میں بلوچستان نگران کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں رائٹ ٹو انفارمیشن رولز 2022 اور قومی تعلیمی نصاب فیز ٹو کی منظوری دی گئی ۔
کابینہ نے سیل ٹیکس آن سروسز سے متعلق امور نمٹانے کے لئے کیسکو اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ٹیکس میں نظر ثانی سے متعلق پیش کردہ ایجنڈا پوائنٹ پر کابینہ نے ٹیکس کی وصولی کو رائج الوقت شرح سے ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ نگران کابینہ نے ضلع نصیر آباد کی تحصیل لانڈھی میں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی جبکہ سرورسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریٹشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ ایجنڈا پوائنٹ پر سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے عمر کی بالائی حد 35 سال مقرر کرنے پر اتفاق کیا ۔
سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے بتایا کہ عمر کی بالائی حد میں رعایت کے قوانین موجود ہیں اور بیک وقت ایک سے زائد رعائت کا حصول خلاف قانون ہے جس پر کابینہ نے رائج الوقت موجود قوانین و ضوابط کے مطابق عمر کی بالائی حد میں زیادہ سے زیادہ دستیاب رعائیت سات سال دینے کا فیصلہ کیا اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل کی تقرری کے ضوابط کار اور مختلف زمروں میں دی جانے والی مالی گرانٹس کو ریگولیٹ کرنے کے رولز کی بھی منظوری دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان نگران کابینہ فوری اور اہم نوعیت کے امور پر ضروری فیصلے کرکے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے کوشاں ہے
اور ہم پوری تندہی اور نیک نیتی سے تمام حکومتی معاملات کو درست سمت میں لے جانے کی کوششیں کررہے ہیں اور حتی الامکان ہماری کوشش ہے کہ تمام امور کو میرٹ اور رائج الوقت قوانین کی روشنی میں نمٹایا جائے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جتنا بھی دستیاب وقت ہے اس میں عوام کی خدمت اور حکومتی معاملات درست کرنے کیلئے کام کریں گے اجلاس میں صوبائی وزراءپرنس احمد علی بلوچ، میر زبیر احمد جمالی، میر امان اللہ کنڈرانی، امجد رشید، جان اچکزئی، ڈاکٹر قادر بخش، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی، شیخ محمود الحسن، سردار اعجاز احمد جعفر، میر آصف الرحمٰن، وزیر اعلیٰ کے مشیروں میر دانش لانگو، شانیہ خان نے شرکت کی۔