بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے،آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

134

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے،آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں۔

بدھ کو وزیر اعظم کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے،بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔

ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر بلوچستان نے صوبےکے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکیج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نےشاہ غلام قادر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔