بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

74
ISPR
ISPR

کوئٹہ۔21اگست (اے پی پی):پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، خضدار لسبیلہ، کوہلو، سوئی، نصیر آباد، حب، اوتھل اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج اور ایف سی بلوچستان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر بلوچستان کے آفت زدہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب مانی شہیدیاں اور گردو نواح کے علاقے پٹ فیڈر کینال میں3 مقامات پر شگاف پڑنے سے متاثر ہوئے۔محکمہ آبپاشی اور پاک فوج کی کوششوں سے تمام دراڑیں پر ہو گئی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ60 سے زائد خاندانوں کو بچایا گیا ہے اور جھل مگسی، خضدار اور نصیر آباد اضلاع میں ریلیف کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے۔ ریلیف کیمپ میں خاندانوں کو تیار کھانا، خیمے اور راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں جس میں سیلاب زدگان کو مفت طبی امداد اور ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ سول انتظامیہ اور پاکستانی فوج نقل و حمل کی تیزی سے بحالی کے لیے سڑکوں اور پلوں کی مرمت پر بھی کام کر رہی ہے۔

پاکستان آرمی اور ایف سی سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سول انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔