بلوچستان کے عوام نے بھارت کے دہشتگردی کے ایجنڈے کو مسترد کر کے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ،نگران صوبائی وزیراطلاعات

85
Achakzai
Achakzai

کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے بھارت کے دہشتگردی کے ایجنڈے کو مسترد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آکراپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور یہ واضح پیغام دیا کہ عوام آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے بڑی تعداد میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیکر یہ واضح کیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف ہیں ،انہوں نے کہا کہ آج لوگوں کا ٹرن آوٹ جمہوری نظام پر ان کے اعتماد کا مظرہے جو دہشتگردوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بھارتی آلہ کاروں کی جانب سے خوف و ہراس پھیلانے کے منصوبے کو نیست و نابود کردیا اوربڑی تعداد میں ووٹ ڈالے ، انہوں نے کہا کہ عوام نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔

نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے صوبے میں پر امن انتخابات پر پاک فوج ،ایف سی بلوچستان پولیس فورس، لیویز فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اظہار تشکر کیا،جان اچکزئی نے کہا کہ فورسز کی انتھک محنت اور قربانیوں کی وجہ سے عام انتخابات کا پر امن عمل پایہ تکمیل کو پہنچا۔ انہوں نے صوبے بھر کے پولنگ سٹاف آر اوز ڈی آر اوز اور دیگر پولنگ عملے کا بھی شکریہ ادا کیا۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایک پرامن الیکشن کا رزلٹ دے رہا ہے جس کے لئے نگران صوبائی حکومت بالعموم اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی بالخصوص مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ نگران صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں سے عہدہ بر آ ہوئی۔ انہوں نےانتخابات کے احسن انداز میں انعقاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی الیکشن کمشنر سے بھی اظہار تشکرکیا۔