بلیو ایریا اسلام آباد پارکنگ پلازے اور آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کے حوالے سے اجلاس

105

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں بلیو ایریا پارکنگ پلازے اور آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔جمعہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ممبر انجینئرنگ نے چیئرمین سی ڈی اے کو بلیو ایریا پارکنگ پلازے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارکنگ پلازے کا اسٹرکچر ورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ لفٹس کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس میں ریونیو کو بڑھانے کیلئے پارکنگ پلازے کی سپیس کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پارکنگ پلازے کے فنشنگ اور لفٹ سمیت الیکٹرکل کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ دو بیسمنٹس سمیت گراؤنڈ اور 5 فلورز پر مشتمل ہوگا، ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں بلیو ایریا پارکنگ پلازے کی 64 میں سے 24 دکانیں نیلام عام کے لئے پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کو پارکنگ پلازے کے روف ٹاپ پر اوپن ائیر ریسٹورنٹ اور کیفے کے حوالے سے پلان بھی پیش کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ روف ٹاپ پر سینما گھر سمیت مختلف تفریحی سہولیات بھی شہریوں کو میسر ہوں گی۔ اجلاس میں پارکنگ پلازے میں پارکنگ فلورز کے بہترین استعمال کے حوالے سے بھی تجاوز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کے ڈیزائن اور اس سے متعلق ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور لائی گئیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج 21 ایکڑ رقبے پر اسلام آباد کی پرائم لوکیشن پر واقع ہے جہاں ریستوران، اسٹوڈیو سمیت آرٹ اینڈ کرافٹ ورکشاپ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہیں بتایا گیا کہ آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں ایکسپو ہال، سیاحت، آرٹ اینڈ کرافٹ سٹالز، ایمفی تھیٹر، سینما گھر جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں سائیکل ٹریکس اور جوگنگ ایریاز بھی تعمیر کئے جائیں اور اس کے روڈ انفراسٹرکچر پر جلد کام مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔