پشاور۔13دسمبر (اے پی پی):بنوں ریجن نے خیبرپختونخو ا انٹر ریجنل کبڈی چیلنج کپ جیت لیا ۔ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خیبرپختونخوا انٹر ریجنل کبڈی چیلنج کپ منڈان پارک بنوں میں منعقدہواجس میں صوبے کے ساتوں ریجن جن میں ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور سوات ریجن کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
پہلے سیمی فائنل میں مردان نے ڈی آئی خان جبکہ بنوں نے پشاور کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، فائنل میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد مردان کو 36کے مقابلے میں37پوائنٹس سے شکست دیکر بنوں ریجن نے کبڈی چیلنج کپ جیت لیا۔
فائنل میچ دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین کھیل گرا ئونڈ میں موجودتھے جنہوں نے دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پر بھرپور داد دی۔ کھیل کے اختتام پرمہمان خصوصی اے ڈی سی بنوں اصلاح خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ،ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن جمشید بلوچ، ریجنل سپورٹس آفیسر بنوں ریجن شفقت اللہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عادل شاہ، صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے چیئر مین پیر برکت علی شاہ سمیت دیگرشخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ روایتی کھیلوں پر بھی بھرپور توجہ دی رہی ہے یہی وجہ ہے کے گزشتہ سال بھی محکمہ کھیل نے تمام ڈسٹرکٹ میں روایتی کھیلوں کو اجاگر کرنے کیلئے مقابلوں کا انعقاد کیا اور رواں سال بھی روایتی گیمز کے مقابلے منعقد کئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنوں میں کبڈی کھیل کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے جس کے فروغ کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس بھرپور کردار ادا کرینگے۔