لاہور۔30اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیم مئی میں 5 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے بنگلہ دیش مینز کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی ) کا حصہ ہے جو دراصل تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچوں پر مشتمل تھی تاہم آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی طور پر ون ڈے میچوں کی جگہ دو اضافی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔
پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ فیصل آباد کا اقبال سٹیڈیم جس نے گزشتہ سال ستمبر میں افتتاحی چیمپئنز ون ڈے کپ اور گزشتہ ماہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی، سیریز کے پہلے اور دوسرے ٹی ٹونٹی کی میزبانی بالترتیب 25 اور 27 مئی کو کرے گا۔ لاہور کا قذافی سٹیڈیم 30 مئی، یکم جون اور 3 جون کو بقیہ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔
بنگلہ دیشی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی اور 22 سے 24 مئی تک اقبال سٹیڈیم میں تربیتی سیشن کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590115