بنگلہ دیشی صحافیوں کا ریڈیو پاکستان لاہور وپی ٹی وی کا دورہ، عوام سے رابطے کی تشکیل میں دونوں اداروں کی کارکردگی کو سراہا

129

لاہور۔20فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے10 رکنی صحافتی وفد نے جمعرات کے روز ریڈیو پاکستان لاہور اور پاکستان ٹیلی ویژن کا دورہ کیا۔اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے سٹیشن ڈائریکٹر احمر سہیل بسرا اور پاکستان ٹیلی ویژن کے جنرل منیجر ڈاکٹر قیصر شریف نے وفد کو اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بنگلا دیشی وفد نے ریڈیو پاکستان لاہور کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا جن میں نیوز پروڈکشن، ایڈیٹنگ،صوتی اور انجینئرنگ کے شعبے شامل تھے۔ حکام نے رابطہ عوام کی تشکیل میں ریڈیو پاکستان کے کردار کے بارے میں بھی وفد کو آگاہ کیا۔مندوبین نے ریڈیو پاکستان کو جدید بنانے،معلومات اور تفریح کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ریڈیو پاکستان کس طرح نشریات تخلیق ترمیم اور ترسیل کرتا ہے جس سے پاکستان کے میڈیا کے منظر نامے پر گہری بصیرت حاصل ہوتی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے معروف میوزک پروڈیوسر سلیم بزمی کی لائیو میوزک پرفارمنس سے وفد بے حد محظوظ ہوا،اس پرفارمنس نے پاکستان کی موسیقی کی روایات کو اجاگر کیا اور ان کے تجربے میں ثقافتی جہت کا اضافہ کیا۔بنگلہ دیشی صحافیوں کے وفد نے شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکرکیا اور سرحد پار میڈیا رابطوں کو فروغ دینے میں ریڈیو پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔دریں اثنا وفد نے پاکستان ٹیلی ویژن کا دورہ بھی کیا جہاں جنرل منیجر ڈاکٹر قیصر شریف نے وفد کو پی ٹی وی کے مختلف شعبوں کا وزٹ کروایا۔وفد نے عوام کو حالات سے آگاہی دینے کےلئے پی ٹی وی کی کارکردگی کو سراہا۔صحافیوں کے بنگلا دیشی وفد میں اے ایم ایم بہائو الدین ،ایوب بہوئیان، مقتدر راشد رومیو ، پوریمول پلما، مہدی حسن تلقدار، حق فرخ احمد ، فخرالعالم خان، مورشد حسیب حسن ، اے کے ایم ،سید داد حسین اور ذاکر حسین شامل تھے ۔