میانوالی۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ بچیوں اورخواتین کے لیے تعلیم کی سہولیات پر خاص توجہ دی جائے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یہ ہدایات کیڈٹ کالج عیسی خیل میں نئے ہاسٹل بلاک کے افتتاح کے بعد 19ارب روپے کے میانوالی ترقیاتی پیکیج میں شامل منصوبوں پر بریفننگ کے دوران جاری کیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کیڈٹ کالج عیسی خیل میں نئے ہاسٹل بلاک کا افتتاح کیا، وزیر اعظم نے پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا اور پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے علاقہ خصوصاً خٹک بیلٹ کے لیے صاف پانی کی سپلائی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ صاف پانی سپلائی منصوبے کی کل لاگت 3.2 ارب روپے ہے جس میں 80 فیصد وفاقی حکومت اور 20 فیصد پنجاب حکومت مہیا کرے گی۔ اس منصوبے سے 3.4 ملین گیلن یومیہ پانی کی سپلائی ممکن ہو سکے گی جو تقریباً اڑھائی لاکھ آبادی پر مشتمل 87 دیہات اور 151 بستیوں کو پانی مہیا ہو گا۔ اس منصوبے کے لئےشمسی توانائی کے ذریعے بجلی حاصل ہوگی اور تکمیل کے بعد اس میں خشک موسم کے لیے 3 مہینوں تک کے استعمال کا پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ وزیر اعظم کو 19ارب روپے کے میانوالی ترقیاتی پیکیج بشمول سڑکوں کی بحالی اور ان کو دو رویہ کرنے، 46 پانی کے سپلائی منصوبوں کی بحالی، تحصیل ہسپتال پپلاں اور تحصیل ہسپتال کالاباغ کی تعمیر نو اور ان میں سہولیات کی فراہمی، 200 بستروں پر مشتمل زچہ بچہ ہسپتال، موجودہ سکولوں میں 400 کلاس رومز کے اضافہ، 77 خستہ حال سکول عمارتوں کی تعمیر اور میانوالی یونیورسٹی کے منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کے بچیوں اورخواتین کے لیے تعلیم کی سہولیات پر خاص توجہ دی جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بعد میں تحصیل عیسی خیل اور اس سے ملحقہ تحصیلوں کے لیے صاف پانی کی سپلائی کے منصوبے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔\