بڈھ بیر پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون،چارملزمان گرفتار

74

پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):پشاورکے تھانہ بڈھ بیر پولیس نے نواحی اور متصل علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران قتل، اقدام قتل، دھوکہ دہی و دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں مطلوب اشتہاری مجرمان سمیت دیگر جرائم میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی صدر ڈویژن ملک حبیب کی نگرانی میں تھانہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او ناصر فرید خٹک نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیو ں کے دوران قتل، اقدام قتل، فراڈاور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ودیگر ملزمان فلک نیاز ولد صاحب شیر سکنہ ٹیلہ بند، شرافت ولد حنیف سکنہ احمد خیل، انعام ولد نمروز اور ماجد ولد شیر غنی ساکنان ٹیلہ بند شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان میں شرافت اور فلک نیاز تھانہ بڈھ بیر پولیس کو اقدام قتل، دھوکہ دہی، قبضہ مافیا اور شہریوں کوسنگین دھمکیاں دینے جیسے مقدمات میں مطلوب ہے جبکہ دیگر اشتہاری اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے جیسے مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے جدید خودکار اسلحہ 2کلاشنکوف، ایک رائفل ، پستول اور متعدد مختلف بور کے کارتوس برآمد کر لیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔