بڑھتے ہوئے بھارتی جبر واستبداد کے خلاف ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب د یا جائے گا، مشترکہ حریت قیادت

91

سرینگر ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل ، آزادی پسند رہنماﺅں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ تحت گرفتاری ، املاک کو نذر آتش کرنے اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھڑ رکھی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر حیدر پورہ میں ایک اہم اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی ابتر اور غیریقینی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا ۔ اجلاس میںکہا گیا کہ کشمیریوں پر بھارتی فورسزکے مظالم نے بھیانک شکل اختیار کر لی ہے جس کی وجہ سے ہر شہر و دیہات میں لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کر رہی ہیں اوراس وقت کشمیریوں کے تمام حقوق سلب ہیں ۔