37.1 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںبڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک ماحولیات سے متعلق آفات سے نمٹنے میں...

بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک ماحولیات سے متعلق آفات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں، فیصل کریم کنڈی

- Advertisement -

شرم الشیخ۔12نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد کریں۔ وہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں کوپ۔ 27 کانفرنس میں ڈبلیو بی جی پویلین ایونٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان سیلاب کی صورت میں ایک بدترین قدرتی آفت کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کا 40 فیصد سے زائد حصہ ، فصلیں ، روڈ انفراسٹرکچر، آبپاشی کا نظام، سکول ہسپتال زیر آب ہیں اور بیشتر بنیادی ڈھانچہ کلی یا جزوی طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ سیلاب سے ان کے گھر اور گائوں کے گائوں تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تبا ہی مو سمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کا نتیجہ ہیں، اس لیے بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس آزمائشی وقت میں پاکستان کی مدد کریں۔

انہوں نے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے لیے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے فورم کو آگاہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت ہر گھر کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے ا ور یہ رقوم غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں میں تقسیم کی گئ ہے تاکہ ان کی فوری مدد کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ بی آئی ایس پی ایک موثر اور ڈیجیٹل پروگرام ہے جس کے ذریعے قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے ذریعے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) میں غربت کی سطح کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے فورم کو بی آئی ایس پی کے مختلف پروگراموں، اسکالرشپس اور میوٹیشن پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی جن کا بنیادی فوکس صنفی مساوات اور غربت کے خاتمے پر ہے۔

انہوں نے خاص طور پر اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت ملک میں خواتین کی خواندگی کی حوصلہ افزائی کے لیے لڑکیوں کو مزید تعلیمی وظائف فراہم کررہی ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=336942

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں