لکھنﺅ ۔ 20 نومبر (اے پی پی) بھارتی حکام کے مطابق ریاست اتر پردیش میں مسافر ٹرین کے حادثے میں کم سے کم 63 افراد ہلاک ہو ئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں۔اتوار کو مسافر ٹرین کا حادثہ علی الصبح کانپور شہر کے قریب پوکھرایاں کے پاس میں ہوا۔ حادثے کے وجہ سے مسافر ٹرین کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔اس حادثے میں سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے اور امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔کانپور کے ایک سینیئر پولیس افسر ذکی احمد نے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تقریبا دو سو افراد کو بچایا گیا ہے ریاست کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ اب بھی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی ہیں اور انھیں کاٹ کر نکالنے کا کام چل رہا ہے۔ ان کے مطابق ان میں مزید تقریبا ستر افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔