بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کا ”فورم آن کلچر آف پیس” کے ورچول اجلاس سے خطاب

101
اقوام متحدہ کا امن سازی کمشین غیر حل شدہ تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل کے لیے کردار ادا کرے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم

اقوام متحدہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کے شہر ایودھیا میں1992 میں شہید کی جانے والی تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر کو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے یہاں ”فورم آن کلچر آف پیس” کے ورچول اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی مقامات کے تحفط کے اقوام متحدہ کے منصوبہ کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کی جانب سے اس خطرے سے خبردار کیا جس میں انہوں نے بھارت میں سینکڑوں مساجد اور تاریخی اسلامی مقدس مقامات کو تباہ کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ثقافتی پہچان رکھنے والے مراکز اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کی جان بوجھ کر تبدیلی چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ دنیا نے گزشتہ 75 برس کے دوران طاقت کے بجائے انسانی اقدار پر مبنی ورلڈ آڈر کی جانب کافی پیش رفت کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ورلڈ آڈر اور عالمی امن کو اب شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور تنازعات کے پھیلائو اور ان کی شدت کو بڑھایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے انسانیت کو متحد کرنے کی بجائے دور کیا ہے اور اس نے ہمارے اختلافات اور تقسیم کو ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوں اور اقوام میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی ویژن سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان نے ہمیشہ انصاف اور امن کے اصولوں کا دفاع کیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بین الامذاہب ہم آہنگی بڑھانے، بین الاثقافتی مذاکرے اور امن کیلئے تعاون کے فروغ کے لئے پاکستان فلپائن کے ساتھ ملکر ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قراردار پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برابری، انصاف، برداشت اور امن پر مبنی ریاست مدینہ کی گورننس تاریخ میں ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس نے عرب، سپین اور جنوبی ایشیا میںاسلام کے سنہری وقت کی بنیاد رکھی جہاں برداشت اور تعاون کی اقدار پر امن قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پورہ میں دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ تعمیر کیا، بھارت اور پاکستان کے درمیان اس راہداری کو گزشتہ سال وزیر اعظم عمران خان نے کھولا، اس منصوبہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے ”امن کی راہداری ” قرار دیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام کے درمیان امن کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے سیاسی عزم کا ثبوت دینا چاہئے۔