بھارت میں مذہبی منافرت، جنونیت اور انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے، کرناٹک کی طالبہ مزاحمت کی نئی صدا اور مزاحمت کس نیا استعارہ ہے، قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

128

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ بھارت میں مذہبی منافرت، جنونیت اور انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے، کرناٹک کی طالبہ مزاحمت کی نئی صدا اور مزاحمت کس نیا استعارہ ہے، کشمیر اور فلسطین تک خون ناحق بہہ رہا ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں ٹس سے مس نہیں ہو رہیں۔

جمعہ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرناٹک بھارت میں پیش آنے والا واقعہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا ثبوت ہے، انتہا پسند جنونیوں نے ایک باحجاب تنہا طالبہ کو ہراساں کیا جس نے ڈرنے کی بجائے نعرہ تکبیر بلند کیا، حق کو جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں وہ تنظیمیں جو حقوق کی باتیں کرتی ہیں، آج ان کے لب کیوں سلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بدترین شکل ہندوستان میں نظر آ رہی ہے، وزیراعظم نے اسی مسئلے کی طرف دنیا کی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا عالمی امن کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے، ہمیں اپنے قائد محمد علی جناح کا شکر گزار ہونا چاہیے جن کی کاوشوں سے ہمیں آزاد ملک ملا ہے۔