بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد ہوگئی

70

نئی دہلی۔27نومبر (اے پی پی):بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 7 سو سے زائد جبکہ متاثرین کی تعداد93 لاکھ 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعہ کوبھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے44489 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید524 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد9309871 ہے جبکہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد455602 ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ 8718517 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے۔ ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 135752افراد ہلاک ہوئے ہیں۔