اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مداخلت کرے اور بھارت کے جارحانہ اقدامات کو روکنے میں کردار ادا کرے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت کی تو پاکستان اس کا تباہ کن اور منہ توڑ جواب دے گا۔ ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے جارحیت جاری رکھی تو تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مداخلت کرے اور بھارت کے لا پرواہی کے رویے کو روکے۔ انہوں نے خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کے خلاف گھناؤنے مظالم کے مرتکب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’’گجرات کا قصائی‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مودی نے دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھا تو پاکستان ایک تباہ کن جواب دے گا اور وہ اپنے کئے پر پچھتاوے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سٹریٹجک پلان کے تحت موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے مودی کو ایک بدنام زمانہ مسلم دشمن اور اقلیتوں پر ظلم کرنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جارحیت کو روکنے کے لیے دنیا کو اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے یا پھر بھارت اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کو اپنے کرتوتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید مناسب جواب دے گا ہم نے کشیدگی میں اضافہ سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595231