22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںبھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، ملتان میں سیلاب...

بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، ملتان میں سیلاب کا زیادہ خطرہ ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے کی پریس کانفرنس

- Advertisement -

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی کا ریلا چھوڑ دیا ، آج ملتان میں سیلاب کا زیادہ خطرہ ہے، صورتحال تشویشناک ہوئی تو ہیڈ محمد والا کو بریچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے منگل کے روز یہاں پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کیا۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے،ہندوستان کی طرف سے دریائے ستلج میں جو پانی کا ریلا آرہا ہے ،اس کی باقاعدہ اطلاع دیدی گئی ہے۔ دریائے ستلج میں مزید چھوڑا گیا پانی اسی بہائو کے ساتھ چلتا رہے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم نے کہا کہ آج رات ملتان میں زیادہ خطرہ ہے ۔ہیڈ بلوکی کے مقام پر ابھی تک پانی اسی سطح سے چل رہا ہے ۔آج شام ہیڈ محمد والا پر پانی زیادہ ہو گا۔ہیڈ محمد والا پر ٹریفک بند کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دریائے چناب سے ریلا ہیڈ تریموں سے آج (منگل کی )رات ملتان پہنچے گا ۔اگلے 24 گھنٹے ہیڈ سدھنائی پر بہت اہم ہیں ۔ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح بڑھی تو پیر محل اور خانیوال کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں ۔اگلے 4 گھنٹے پیر محل اور خانیوال کے لئے اہم ہیں ۔آج شام ہیڈ محمد والا میں اونچے درجے کا سیلاب آئے گا جو ملتان پہنچے گا ۔ہیڈ محمد والا کو ہر طرح کی ٹریفک سےبند کر دیا گیا ہے ۔

- Advertisement -

صورتحال تشویشناک ہونے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں جس پر عملدرآمد ہوگا اور 16 علاقے متاثر ہوں گے۔ اس طرح ملتان میں صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے ملتان کی ضلعی انتظامیہ کو متحرک رکھے ہوئے ہیں ۔اگلے چار سے چھ گھنٹے انتہائی اہم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ بلوکی اور محمد والا پر بھی اب تک پانی کا بہائو زیادہ ہے۔اب تک کی تفصیلات کے مطابق 32 سو دیہات اور 24لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔وزیر اعلی کی ہدایت پر متاثرین کو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔

اب تک کا یہ سب سے بڑا ریسکیو کا کام جو پنجاب میں جاری ہے۔ پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے،26 اگست سے اب تک 41 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں سرکاری اور پرائیویٹ ادارے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی پانی لاہور کے نشیبی علاقوں میں موجود ہے۔ اس حوالے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں