35.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںبھارت نے رات کے اندھیرے میں جارحیت کر کے اپنے مذموم عزائم...

بھارت نے رات کے اندھیرے میں جارحیت کر کے اپنے مذموم عزائم سے پردہ اٹھا دیا ہے اور خود ہی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا : صدر آزادجموں وکشمیر

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 07 مئی (اے پی پی):صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں جارحیت کر کے اپنے مذموم عزائم سے پردہ اٹھا دیا ہے اور خود ہی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے بھارت اپنے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے اصل مسائل کی جانب سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے کیونکہ خطے کا اصل مسئلہ، مسئلہ کشمیر ہے لہذا تمام ایسے دوست ممالک جو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ فوری طور پر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیں کیونکہ خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے۔ بھارتی سرکار نے پاکستان پر جنگ مسلط کر کے مودی کی ہندوتوا پالیسیوں سے ایک دفعہ پھر پردہ چاک کر دیا ہے اور مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔

بھارت نے جس طرح رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہتے سویلینز پر حملہ کیا اور جس طرح سے پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے ان حملوں کا منہ توڑ جواب دیا اُس سے بھارت اور مودی سرکار کو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جانی چاہیے کہ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آزادکشمیر کے عوام کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد سے بہانہ بنا کر کشمیری عوام پر ظلم و بربریت میں پہلے ہی اضافہ کر دیا تھا اور جس طرح اُس نے بھارت کی یونیورسٹیز سے کشمیری طلبہ کو نکالا تو میں آزادکشمیر کی یونیورسٹیز کے چانسلر کی حیثیت سے ان کشمیری طلبہ سے کہوں گا کہ وہ یہاں آزادکشمیر آئیں اور آزاد کشمیر کی کسی بھی یونیورسٹی میں کسی بھی مضمون یا کلاس میں داخلے کے لئے انہیں میں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

- Advertisement -

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ سے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے جس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں لیکن موجودہ تناظر میں جس طرح اُن کی قربانیوں کے باعث مسئلہ کشمیر بین لااقوامی سطح پر اُجاگر ہوا ہے۔ اس موقع پر عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر کشمیر پر ثالثی کرائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا موثر رول ادا کرے تاکہ کشمیری عوام کو اُن کی مرضی و منشاء کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار مل سکے۔ کیونکہ پاک بھارت دونوں کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں بین الاقوامی اور انگلش میڈیا کے ایک گروپ سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ

پہلگام واقعہ کے بعد سے مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں 4ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا اور انہیں عقوبت خانوں میں بند کیا اسی طرح اڑھائی ہزار سے زائد گھر مسمار کیے اور وہاں سے کشمیریوں کو بے گھر کیا۔ اس ساری صورتحال کا انٹرنیشنل کمیونٹی فوری نوٹس لے اور مودی کی جانب سے خطے کے امن کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت دنیا کے سامنے اپنے آپ کو ایک سیکولر اسٹیٹ ظاہر کرتا رہا ہے لیکن آج دنیا نے دیکھ لیا کے بھارت ایک سیکولر اسٹیٹ نہیں بلکہ ایک ہندو آمریت ہے جو مسلمانوں اور بھارت میں مقیم دیگر اقلیتوں کو زیر عتاب کیے ہوئے ہے اور اس کا عملی مظاہر ہ بھارت نے رات کی تاریکی میں آزادکشمیر اور پاکستان میں معصوم شہریوں پر حملے کر کے اپنی اصلیت دکھا دی ہے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کینیڈا

پاکستان اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس سے بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے جس سے مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہوا ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی اب بھارت کے تمام فسطائی ہتھکنڈوں اور ہندوتوا نظریے سے بخوبی واقف ہو چکی ہے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں گزشتہ کئی دنوں سے کہہ رہا ہوں کہ بھارت میں مودی سرکار اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے جس کا عملی مظاہرہ بھارت نےگزشتہ رات نہتے لوگوں پر رات کی تاریکی میں حملہ کرکے کیا،پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی سے دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے

کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کھل کر آگے بڑھے اور جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوایا جائے تاکہ کشمیری عوام خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اگرچہ اس وقت خطے میں بھارت نے جنگ مسلط کر کے صورتحال کو انتہائی کشیدہ کر دیا ہے لیکن اس صورتحال میں مسئلہ کشمیر دوبارہ ایک فلیش پوائنٹ بنا ہے لہذا عالمی برادری دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے آگے بڑھے کیونکہ خطے میں بد امنی کی اصل اور اہم وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594051

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں