بھارت نے معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کےلئے اپنی سفاک فوج کو کھلا لائسنس جاری کررکھا ہے، مشعال ملک کی لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس

93
بھارت نے معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کےلئے اپنی سفاک فوج کو کھلا لائسنس جاری کررکھا ہے، مشعال ملک کی لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس
بھارت نے معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کےلئے اپنی سفاک فوج کو کھلا لائسنس جاری کررکھا ہے، مشعال ملک کی لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے غیرقانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں دہشت گرد بھارتی فورسز کے ہاتھوں مسجد کی بے حرمتی کے المناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعے کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کےلئے اپنی سفاک فوج کو کھلا لائسنس جاری کررکھا ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں برطانیہ کے ہاوس آف لارڈز کے سابق رکن لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی افواج، قوانین سے مکمل استثنیٰ کے تحت مساجد کی بے حرمتی اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جاری آزادی کی تحریک کو روکنے کے لئے تمام حربے استعمال کررہی ہیں۔

مشعال حسین ملک اور لارڈ نذیر احمدنے کہا کہ بھارتی فوجی علاقے میں نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ لوگوں خصوصا نوجوانوں کو شہید کررہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی حکام جھوٹے مقدمات کے تحت مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو گرفتار کررہے ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے اور انجام دینے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے صحافیوں کو تلاشی اور محاصروں کی کاروائیوں کی براہ راست کوریج سے بھی روک دیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ حریت رہنما مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں جہاں انہیں طبی سہولیات کے حق سمیت اپنے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں ڈال دیا گیا ہے اور ان کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جارہی ہے۔

لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے محمد یاسین ملک سمیت غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماوں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جس کے لئے اسے دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بھارت کے ساتھ بات چیت ناممکن ہے۔

انہوں نے لائن آف کنٹرول کھولنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ منقسم کشمیر کے عوام ایک دوسرے سے مل سکیں۔