میلبورن۔28دسمبر (اے پی پی):بھارت نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنا لیے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 116 رنز درکار ہیں ، ٹیسٹ کے تیسرے روز کی خاص بات نتیش کمار ریڈی کی شاندار بیٹنگ تھی، 221 کے مجموعی سکور پر 7 وکٹیں گر جانے کے بعد نتیش کمار ریڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور واشنگٹن سندر کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ میں 127 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 348 تک پہنچا دیا
اس دوران نتیش کمار ریڈی نے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور وہ 105 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، واشنگٹن سندر 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ، رشبھ پنت 27 ، روندرا جدیجا 17 اور جسپریت بمراہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، محمد سراج 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور سکاٹ بولانڈ نے تین ، تین جبکہ نیتھن لائن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔