اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہاء کر دی ہے اور پوری حریت قیادت جیل میں ڈال دی ہے، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری مداخلت کرے اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،
ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے گا، جلد مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کریں گے تاکہ عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا سکے، پاکستانی اور کشمیری یک جان دو قالب ہیں، بھارتی حکومت کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے غیر قانونی ڈومیسائل جاری کر رہی ہے، ہم بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،
آج بھی مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تدفین پاکستانی پرچم میں ہوتی ہے، کشمیری اپنے آپ کو پاکستانی کہتے ہیں ، اس حوالہ سے حریت رہنما مرحوم سید علی گیلانی نے کہا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔سرحد پار انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جن کو بند کرانے میں بین الاقوامی برادری اپنا کردار اداکرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہی ہے اور جعلی ڈومیسائل جاری کرکے ہندو آبادی کا تناسب بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھائی ہے اور ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ایشیاء کا امن کشمیر سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو رکوانے کیلئے مداخلت کرے، بھارت کی 10 لاکھ سے زائد افواج مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، بارڈر پار سے ہمیشہ کشمیریوں پر ظلم کیا گیا، کشمیری حریت قیادت کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اور وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہیں بھارتی آرمی چیف اور وزیر دفاع نے بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے بیان دیا ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ دنیا کو پتہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے، اس حوالہ سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، بھارت دنیا کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتا ۔