اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے، اسے کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے، پاک فوج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور اگر وقت آیا تو 24 کروڑ عوام دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔
جمعرات کو اپنے رد عمل میں وفاقی وزیر مواصلات اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ سازش کے ذریعہ حالات خراب کرنے کی کوشش کی، پاکستان پر الزامات عائد کرنے سے پہلے مودی حکومت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے کیونکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھارت کی دہشت گردی کی کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے بھارت کے سفارتی اور عالمی اصولوں کو بالائے طاق رکھنے پر واضح رد عمل آ گیا ہے اور بھارتی جارحیت کے خلاف خیبر تا کراچی سخت ترین جذبات پائے جاتے ہیں، جو کبھی دشمن کو ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسی دنیا کی نظروں سے اصل مسائل کو ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، مودی حکومت کو خوابوں سے نکلنا چاہئے کیونکہ اگر اس نے کسی قسم کی در اندازی کی کوشش کی تو پاکستان اسے سخت سبق سکھائے گا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی وفاقی حکومت کے تمام فیصلوں اور آج کے اعلامیے کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتی ہے اور بھارت کے خلاف اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587310