بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کو داخلی معاملہ قرار دینا جھوٹ پر مبنی بیان ہے منیر اکرم

59

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو داخلی معاملہ قرار دینا جھوٹ پر مبنی بیان ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی موجود ہیں۔

ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے، ہم چاہتے کہ عالمی برادری اور دنیا کی بڑی قوتیں بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔

منیراکرم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے وہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کی کونسل اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے متعدد رپورٹس دے چکی ہیں، پاکستان نے پہلے بھی دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔

سیدعلی گیلانی کی تدفین سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے ورچوئل خطاب میں سیدعلی گیلانی کی تدفین کے معاملے کو اٹھایا ہے اور انہوں نے جنرل اسمبلی سے یہ مطالبہ کرنے کی درخواست کی کہ مناسب اسلامی رسوم کے ساتھ سید علی گیلانی کے جسد خاکی کی شہدا کے قبرستان تدفین کی اجازت دی جائے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، دہشتگردی کے خاتمے اور افغانستان میں امن کے حوالے سے دونوں ممالک کا ٰایک موقف ہے اور اس حوالے سے ہماری امریکہ کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔