راولپنڈی۔10مئی (اے پی پی):پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے طیاروں سے فضاء سے پاکستان کی نور خان ائیر بیس، مرید بیس اور شور کورٹ ائیر بیس پر میزائل داغے ہیں، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارت نے افغانستان پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ وہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنی ننگی جارحیت جاری رکھتے ہوئے اپنے طیاروں سے فضاء سے زمین پر میزائل داغے ہیں جن کا ہدف نور خان ائیر بیس، مرید بیس اور شور کورٹ ائیر بیس تھا تاہم پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے افغانستان پر بھی میزائل داغے اور ڈرونز حملے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پاگل پن، جارحیت اور مکاری سے خطے کو خطرناک جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس (بھارت) کی طاقت، مکاری، جارحیت سے مرعوب ہونے والے نہیں،بس وہ ہمارے جواب کا انتظار کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595109