29.4 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومتازہ ترینبھارت کو بیانیہ کی جنگ میں شکست ہو چکی ہے، گجرات کے...

بھارت کو بیانیہ کی جنگ میں شکست ہو چکی ہے، گجرات کے قصائی کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، دشمن مکار، بدنیت اور بے وقوف ہے، بے وقوف نہ ہوتا تو پہلگام فالس فلیگ کی منصوبہ بندی ہی کچھ بہتر کرلیتا، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کا ملکی دفاع اور خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کی سالمیت کا معاملہ ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہے، بھارت کو بیانیہ کی جنگ میں شکست ہو چکی ہے، آج گجرات کے قصائی کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، دشمن مکار، بدنیت اور بے وقوف ہے، دشمن بیوقوف نہ ہوتا تو پہلگام فالس فلیگ کی منصوبہ بندی ہی کچھ بہتر کرلیتا، مودی کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دشمن موقع کی تاک میں ہے کہ کب پاکستان پر حملہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ میری پاکستانیت یہ گوارا نہیں کرتی کہ اس ایوان سے ایسے نعرے بلند کئے جائیں جو بھارت اپنے میڈیا پر دکھا کر یہ تاثر دے کہ پاکستانی قوم داخلی طور پر منقسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاملہ صرف پاکستان کا ہے، باہمی اختلافات اور سیاست کے لئے اور بھی وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ایوب خان کے الفاظ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں کہ دشمن کو اندازہ نہیں تھا کہ اس نے کس قوم کو للکارا ہے۔ یہی وہ ولولہ اور جذبہ ہے جو ہمیشہ اس قوم کی پہچان رہا ہے۔

- Advertisement -

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج گجرات کے قصائی کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے قریب بیلانور شاہ کے مقام پر ملکی و غیر ملکی میڈیا کو دورہ کرایا گیا۔ بھارت یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ یہاں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ موجود ہیں اور پیر چناسی اور بیلانور شاہ کے ذریعے دہشت گرد سرحد پار جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن صرف مکار ہی نہیں، بلکہ بدنیت اور بے وقوف بھی ہے۔ اس کی بے وقوفی کی مثال یہ ہے کہ پہلگام کا علاقہ سرحد سے 150 کلومیٹر دور ہے۔ ایسے میں یہ دعویٰ کیسے ممکن ہے کہ کوئی وہاں جا کر حملہ کرے؟

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی 9 لاکھ فوج تعینات ہے، کیا وہ صرف تماشا دیکھنے کے لئے بیٹھی ہے؟ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کو جیلوں سے نکال کر شہید کیا جا رہا ہے۔ سات دہائیوں سے بھارتی فوج مظلوم کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہے۔ وہاں پاکستانی پرچم لہرانے پر پابندی کے باوجود کشمیری خواتین اپنے شہدا کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرتی ہیں۔ یہ جذبہ کہاں سے آتا ہے؟ "پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ” کا نعرہ آج بھی وادی میں گونج رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام پولیس سٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر خود بھارت کے دعوے کو بے نقاب کرتی ہے۔

واقعے کے صرف 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ پولیس ڈیڑھ گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی۔ اس علاقے کے قریب فوجی یونٹ موجود ہے جس کی تمام تر توجہ اس پر ہے کہ کشمیریوں پر کس طرح مظالم ڈھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام کا واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا جو سکیورٹی اور انٹیلیجنس کی مکمل ناکامی ہے۔ یہ بی جے پی کے بہار میں انتخابی عزائم اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی معاشی ترقی کو روکنے کی سازش ہے۔

ان کا خیال تھا کہ فالس فلیگ آپریشن سے مقصد حاصل ہو جائے گا، مگر ایف آئی آر ہی نے سب حقیقت کھول دی۔ انہوں نے کہا کہ وڈیو میں صاف نظر آتا ہے کہ زپ لائن پر دکھایا گیا شخص بے خوفی سے حرکت کر رہا ہے، اردگرد لوگ آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا کہ دہشت گردوں نے بلااشتعال فائرنگ کی اور صرف ہندوئوں کو نشانہ بنایا جو سراسر جھوٹ ہے۔ اس واقعے میں ایک مسلمان بھی جاں بحق ہوا۔ اگر واقعی فائرنگ ہو رہی ہوتی تو زپ لائن پر موجود شخص اتنی آسانی سے کیسے نکل جاتا؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بیانیے اور سفارتی سطح پر بھارت کو ایسی شکست دی ہے جو اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ بین الاقوامی میڈیا ادارے جیسے الجزیرہ، نیویارک ٹائمز اور اکانومسٹ بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت کے پاس اس واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صاف موقف اپنایا ہے کہ اگر ہمارے پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں پاکستان نے سفارتی رابطے تیز کئے ۔

وزیراعظم نے چین، برطانیہ، ترکیہ، سعودی عرب، یو اے ای اور کویت کے سفرا سے ملاقاتیں کیں، امیر قطر، ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر بات کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے یہ مقدمہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا اور دنیا کو بتایا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے عالمی توجہ کشمیر سے ہٹا دے گا تو وہ غلط فہمی میں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے۔

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، قربانیاں دیں اور آج بھی دنیا اور دہشت گردی کے درمیان ایک دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کا نشانہ بھی ہم بنے، جنگ بھی ہم نے لڑی اور الزام بھی ہم پر؟ بھارت کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود ایک ایسی ریاست ہے جو سکھوں کا قتل کراتی ہے۔ سکھ برادری نے صاف اعلان کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف نہیں لڑیں گے۔ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل، امریکا اور آسٹریلیا میں سکھ رہنمائوں پر حملے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مظاہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان کے پاس بھارتی نیول کمانڈر کلبھوشن یادیو کی شکل میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کی فوٹیج سب سے پہلے بھارتی چینلز کو کیسے ملی؟ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے تانے بانے بھارت سے جڑے ہیں، ایسے ملک کو کیا حق ہے کہ وہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگائے؟ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کی ہیں، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم عظیم ہے، جب یہ اٹھتی ہے تو بڑے سے بڑا دشمن بھی شکست کھا جاتا ہے۔

بھارت کی ریاستی دہشت گردی کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ را کے ایجنٹس پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں، معصوم جانیں لی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج، پولیس، سکیورٹی اداروں اور سیاستدانوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں مگر کبھی شکست تسلیم نہیں کی۔ ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں۔ اب بھارتی عوام مودی حکومت سے سوال کر ر ہے ہیں کہ9لاکھ فوج کشمیر میں کیوں تعینات ہے؟ بھارت کی سفارت کاری کیوں ناکام ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ بھارت بند گلی میں داخل ہو رہا ہے اور ہر وقت پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔

اگر اس بار بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملے گی۔ پاکستان نے کبھی پہل نہیں کی، لیکن اگر دشمن نے پیش قدمی کی تو پھر اسے ایسا جواب دیا جائے گا کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بھارت نے ہمارے سوشل میڈیا اکائونٹس بند کئے تو ہم نے ایک نغمہ تیار کر کے بھارتی یوٹیوب چینلز پر بطور اشتہار چلوایا۔ ہم انفارمیشن وار بھی لڑ رہے ہیں اور بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ جیسے ہی ہم نے پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کی بات کی تو بھارت کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593327

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں