بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکنااقوام متحدہ کی منصبی و اخلاقی ذمہ داری ہے ، سید علی گیلانی

145

سرینگر ۔ 21 اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی منصبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے اور محکموم کشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہ عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے نام خط میںمقبوضہ کشمیر میں بیگناہ شہریوں کے قتل اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر کی جانے والی تشویش بجا ہے تاہم انہیں عالمی ادارے کی طرف سے کشمیر کے بارے میں پاس کیجانے والی قراردادوں پر عمل درآمد کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے جسکا کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا اور نہ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات کا قیام ممکن ہے