22.7 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومقومی خبریںبھارت کی اشتعال انگیزی ملک کے امن کیلئے خطرہ ہے، پیر سید...

بھارت کی اشتعال انگیزی ملک کے امن کیلئے خطرہ ہے، پیر سید عمران احمد شاہ ولی کا ورکر کنونشن سے خطاب

- Advertisement -

لاہور۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی ملک کے امن کے لئے خطرہ ہے،پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے پر عزم اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں،مسلم لیگ(ن)ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے تحفظ و فلاح کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء میں مسلم لیگ ن لیبر ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر،ممبر قومی اسمبلی شمائلہ رانا،مسلم لیگ ن لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ بخاری،فرح دیبا،لیبر ونگ کے رہنماء و کارکنان کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

- Advertisement -

پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے کہا کہ پاکستان کے مزدور اور محنت کش طبقہ ملکی معیشت کا بنیادی ستون ہیں، ان کی محنت، دیانت اور قربانیاں روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے تحفظ اور فلاح کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم مزدوروں کے استحصال کو روکنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت قوم متحد اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،مودی سن لے اگر خطے کا امن خراب کیا یا انگلی اٹھائی تو پھر اس انگلی کوکاٹیں گے اور اگر بھارت پاکستان پر میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اس کی آنکھ نکال دینگے جبکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی اشتعال انگیزی ملک کے امن کے لئے خطرہ ہے تاہم پاک فوج کے جوان دفاع وطن کے لیے پر عزم اور ملکی سلامتی ودفاع کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں، پاک فوج ہمہ وقت چوکس اور فرض شناسی کے جذبے سے ہر وقت سرشارہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تو پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف ہے، مودی زبانی کلامی باتیں کر سکتا ہے، اس میں جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ایک پیج پر ہیں اور خدانخواستہ مشکل وقت آیا تو سب سے پہلے ہم اپنی جانیں ملک کے لیے پیش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کا بے بنیاد پراپیگنڈا اور یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لئے بے مثا ل قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ اور بھارت ماضی میں بھی اس طرح کے مختلف ڈرامے کرچکا ہے،بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما شمائلہ رانا نے کہاکہ مزدور کا کوئی دن نہیں ہوتا، وہ صرف اینٹیں اٹھانے والا نہیں بلکہ بچوں کیلئے روزی روٹی کمانے والا مزدور ہوتا ہے، جب سے پنجاب اور وفاق میں ن لیگ کی حکومت آئی ہے، ہم نے مزدوروں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ لوگ مزدور کے حقوق کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن مریم نواز کے مزدوروں کیلئے خصوصی پیکجز سے انہیں نہ صرف قرضے مل رہے ہیں بلکہ ان کے بچوں کو لیپ ٹاپ، دانش سکول سسٹم اور سولر پینل بھی مل رہے ہیں۔شمائلہ رانا نے کہا کہ جو ہمیں جنگلہ بسوں کا طعنہ دیتے رہے ہیں وہ آج اس کی اہمیت کا اندازہ مزدوروں سے پوچھیں ، ہم مزدوروں کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے لڑائی کی بات ہوگی تو کوئی پیپلزپارٹی یا ن لیگ نہیں ہوگی، عوام ریاست اور افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590952

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں