29.9 C
Islamabad
جمعرات, مئی 1, 2025
ہومقومی خبریںبھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر...

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

- Advertisement -

لاہور۔30اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کی کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کا جدید ایٹمی پاور مودی کو سونے نہیں دیتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضی،رانا فاروق، ایم پی اے ممتاز چانگ اور دیگر موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی بقا ءکی جنگ پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر اور محب وطن ہے جو دشمن کو آڑے ہاتھوں لینے کیلئے ہمہ وقت تیار کھڑی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

- Advertisement -

گورنر پنجاب نے کہا کہ جعفر ایکسپریس میں ہونے والی دہشت گردی واقعہ میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت مختلف اکائونٹس میں رقوم بھی فراہم کرتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان میں دہشت گردوں کو بھارت کی جانب سے مختلف اکائونٹس میں رقوم فراہمی پر نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جدید ایٹمی پاورہے جس کا خوف مودی کو سونے نہیں دیتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے والا ملک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کوئی جارحیت کی گئی تو بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس میں صرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ بلا تفریق تمام سیاسی جماعتوں کے ورکروں کے لئے بیٹھا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پیپلز پارٹی کا وژن ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590545

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں