لاہور۔18مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف فتح سے پاکستان کو علاقائی و عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ،قوم شہداکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ، حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ لاہور کو جدید، صاف اور خوبصورت شہر بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 18ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ،ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔سپیکر قومی اسمبلی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو اس جنگ میں فتح نصیب کی۔ افواج پاکستان کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ہر محاذ پر دفاع کو یقینی بنایا، پوری قوم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا، تمام سیاسی قوتوں نے ملکی سلامتی کو مقدم رکھا، قومی یکجہتی نے پاکستان کو سفارتی و اخلاقی فتح دلائی اس عظیم فتح پر قوم شہداکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ میں خصوصا قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عالمی دبائو کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کو ایٹمی طاقت بنایا تاکہ کوئی بھی ملک خداداد کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے صبر و تحمل اور حکمت سے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا،عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتکاری کو سراہا گیا،وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دنیا کو پاکستان کے موقف سے بروقت آگاہ کیا کہ ہم امن پسند قوم ہیں ،ہم جنگ نہیں چاہتے کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف پہلے ہی90ہزار شہادتیں دی ہیں لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے،پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو گئی،قومی اسمبلی میں سب جماعتوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا،دوسری طرف اسلامی دنیا ہمارے ساتھ کھڑی تھی،ترکی اور آذربائیجان سمیت دیگر دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پھر دنیا نے دیکھا کہ جب دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا توکس طرح ہماری فوج نے دن کی روشنی میں دشمن کو دھول چٹائی ، پاکستان آج سیاسی، دفاعی اور اخلاقی برتری کے ساتھ ابھرا،بھارت کے خلاف فتح سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے، دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک خود مختار اور پرامن ملک ہے ،ہماری افواج میں وہ صلاحیت ہے جو دنیا میں کسی کے پاس نہیں ، ہمارے جوانوں نے شہادت دے کر اس ملک کی حفاظت کی،پاکستان پہلے بھی اسلام کا قلعہ تھا آج بھی ہے۔
انہوں نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کہ یاد رکھیں کہ ہمارا دشمن بہت چالاک اور مکار ہے،ہمیں آئندہ بھی دشمن کی طاقت کا مقابلہ ایک ہوکر کرنا ہو گا۔ سہیل شوکت بٹ نے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،مسلم لیگ (ن) نے پہلے ملک کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا اور اب معاشی قوت بنائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واہگہ ٹائون میں 18ارب کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ لاہور کو ایک جدید، صاف اور خوبصورت شہر بنایا جائے،یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے سپیکر قومی اسمبلی کوترقیاتی منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر لاہور میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے فیز میں اس منصوبہ کے تحت واہگہ ٹائون میں جلوموڑ سے لے کر قائد اعظم انٹرچینج اور لکھو ڈھیر سے محمود بوٹی تک جی ٹی روڈ پر ٹرنک سیور بچھایا جائے گا،180کلومیٹر واٹر سپلائی لائن اور 135کلومیٹر سیوریج لائن بچھائی جائے گی اور 2300خستہ حال گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔
سردار ایاز صادق اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے علاقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پرقائد مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598385